اکژ جِن لوگوں کی
زندگیوں کو ہم میڈیا کے ذریعے دیکھتے اور بہت کامیاب سمجھتے
ہیں اصل میں وہ اُتنی کامیاب نہیں ہوتیں ۔ اُن میں سے
اکثر لوگ زندگی کے کسی ایک شعبے میں تو بہت کامیاب ہو تے ہیں، لیکن جب ہم اُن کی
زندگیوں کا بغور مشاہدہ کرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہےکہ وہ زندگی کے دوسرے اہم
شعبوں میں اُتنے کامیاب نہیں، مثلاً کسی نے بہت زیادہ
پیسہ تو کمالیا لیکن صحت کی دولت سے محروم ہو گیا، کوئی جسمانی طور
پر مسٹر یونیورس یا بہت اچھا ایتھلیٹ تو بن گیا، لیکن کچھ سالوں بعد مالی
اور سماجی مسائل کا شکار ہو
گیا۔ ہمارے ہاں اکژ فنکاروں اور کھلاڑیوں کو ریٹائرمنٹ اور عروج
کے بعد مشکل حالات میں زندگی گزارتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ
دیگر شعبوں میں بھی بظاہر بہت کامیاب لوگ اکثر ڈپریشن اور اِنگثایٹی کا شکار
ہو کر ذہنی سکون کی تلاش کرتے نظر آتے ہیں۔
کامیاب
زندگی کی عمارت چار اہم ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے،جنہیں اپنانے کے بعد آپ
بھی ایک کامیاب اور بہتر زندگی گزار سکتے ہیں۔ اِن میں سے اگر ایک ستون بھی
کمزور ہو تو کامیاب زندگی کی عمارت ڈگمگانے لگتی ہے ۔
1. کامیاب زندگی کا پہلا اور سب سے اہم ستون صحت ہے۔ صحت بھرپور زندگی کی بنیاد ہے، جب یہ خراب ہوتی ہےتو یہ ہماری زندگی کے تقریباََ ہر پہلو پر اثر انداز ہوتی ہے - ہمارے کام کی کارکردگی سے لے کر پیاروں کے ساتھ ہمارے تعلقات، سب ہماری صحت کے ساتھ جڑے ہیں۔ جب ہم تندُرست ہوتے ہیں تو ہمارے پاس ذاتی اور پیشہ ورانہ طور پر اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے توانائی بڑھ جاتی ہے اور یہ ہماری زندگی کو مزید کامیاب بنا دیتی ہے۔ جسمانی صحت یقیناً اہم ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت بھی اُتنی ہی اہم ہے۔ جب ہم اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھتے ہیں تو ہم زندگی کے چیلنجز کو واضح اور مثبت رویہ کے ساتھ حل کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ صحت کا خیال رکھنا زیادہ مشکل یا وقت طلب نہیں ہے، اگر ہم باقاعدگی سے ورزش، متوازن خوراک، اور ذہنی تناؤ سے نمٹنے کے کچھ سادہ سے طریقے اپنی روز مرہ زندگی میں شامِل کر لیں تو یہ ہماری صحت کو بہت بہتربنا سکتے ہیں۔اچھی صحت کے بےشمار فائدے ہیں، لیکن سب سے اہم فائدہ ایک خوشگوار اور بھرپور زندگی گزارنے کی صلاحیت ہے۔ سو صحت کو ہمیشہ اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھیں اور پھر دیکھیں کہ یہ آپکی زندگی کو کامیاب بنانے میں کتنی مددگار ثابت ہوتی ہے۔
2. کامیاب زندگی کی عمارت کا دوسرا اور اہم ستون ہمارےسماجی تعلقات ہیں۔ کہتے ہیں کہ انسان اپنے حلقہِ احباب سے پہچانا جاتا ہے۔ ہم جسطرح کے لوگوں میں اٹھتے بیٹھتے ہیں ایک ریسرچ کے مطابق تقریباََ 6 ماہ بعد ہم بھی شعوری یا لاشعوری طور پر اُنہی جیسا سوچنے اور عمل کرنے لگتے ہیں۔اسلیئے ہمارا دین اسلام بھی ہمیں نیک اور قابل لوگوں کی صحبت اختیار کرنے کا حکم دیتا ہے۔ سماجی تعلقات ہماری مجموعی گروتھ اور کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جب ہم دوسروں کے ساتھ بامعنی روابط رکھتے ہیں تو ہم خود کو دوسروں سے الگ تھلگ اورکٹا ہوا محسوس نہیں کر تے ، اس سے ہماری ذہنی اور جسمانی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جو ہماری پیشہ ورانہ کامیابی میں بہت اہم کردار ادا کر تے ہیں۔ یہ ہمیں سماجی اور جذباتی مدد فراہم کرتے ہیں،جو ہمیں زندگی کے چیلنجوں کا سامنا کرنے اور اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے درکار ہوتی ہے۔تعلقات کو برقرار رکھنے اور بنانے کے لیے بھی کوشش ، عزم اور قربانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسکےلئے اپنی زندگی میں لوگوں کے لیے وقت نکالنا، کھُلے دل اور ایمانداری سے بات چیت کرنا، ہمدردی، سمجھ بوجھ اور برداشت کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔آج کی تیز رفتار دنیا میں ہم اپنی مصروفیات کی وجہ سے اکثر رشتوں کی اہمیت کو نظر انداز کر جاتے ہے۔ لیکن یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ دوسروں کے ساتھ ہمارے اچھے روابط ہی ہماری زندگی کو خوشگوار اور جینے کے قابل بناتے ہیں۔ اگر آپکی زندگی میں چند ایسے مخلص اور مثبت لوگ موجود ہیں جن کے ساتھ آپ اپنی خوشی اورغمی بانٹ سکتے ہیں اور جو آپکی خوشی میں خوش، اور غمی میں غمگین ہوتے ہیں تو آپ کا شمار دنیا کہ خوش قسمت ترین انسانوں میں ہوتا ہے۔
3. کامیاب زندگی کی عمارت کا تیسرا اور اہم ستون پیسہ ہے۔ کامیاب زندگی گُزارنے کیلئے مالی طور پرمستحکم اور خود مختار ہونا بھی بہت ضروری ہے، یہ ہمارے بہت سے مقاصد اور خواہشات کو پورا کرنے کا ذریعہ ہے۔ جب ہمارے پاس پیسے کی کمی ہوتی ہے تو یہ مالی تناؤ اور عدم تحفظ کا باعث بنتی ہے، جو ہماری ذہنی اور جسمانی صحت پر منفی اثر ڈالتی ہے۔ پیسے کے ساتھ صحت مند رشتہ رکھنا صرف اسے کمانے اور خرچ کرنے سے زیادہ نہیں ہے۔ یہ پیسے کی قدر اور مقصد کو سمجھنے اور اسے اپنے مقاصد اور اقدار کی حمایت کے لیے استعمال کرنے کے بارے میں ہے۔ مالی خواندگی اور منصوبہ بندی ترقی کے لیے اہم مہارتیں ہیں، کیونکہ یہ وقت کے ساتھ دولت کمانے، اسے برقرار رکھنے اور مالی آزادی حاصل کرنے میں ہماری مدد کر تیں ہیں۔ پیسہ ہمیں نئی چیزوں کا تجربہ کرنے اور یادیں تخلیق کرنے میں بھی مدد دیتا ہے ۔ یہ نئے مواقعوں کے دروازے کھولتا ہے، جیسے کہ سفر کرنا، کُچھ نیا سیکھنا، اور خود میں سرمایہ کاری کرنا وغیرہ۔ پیسہ سب کچھ نہیں ہے، لیکن یہ ہماری زندگیوں کوآسان اور بہتر بنانے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اسے سمجھداری سے ان چیزوں پر استعمال کرنا چاہیے جو ہمارےلیےضروری اور اہم ہیں۔ 25 یا 26 سال کی عمر تک آپ کوکم ازکم اس قابل ہو جانا چاہئے کہ آپ اپنی اور اپنی فیملی کی بنیادی مالی ضروریات کو پورا کر سکیں ۔
4. کامیاب زندگی کا چوتھا اور اہم ترین ستون اطمینان ِقلب ہے۔ اگر آپ سب کچھ پالینے کے بعد بھی سکونِ قلب کی دولت سے محروم ہیں تو آپ کی کامیابی حقیقی نہیں ہے۔ روحانیت اور باطنی سکون ایک کامیاب اورمکمل زندگی کے ضروری اجزاء ہیں۔ یہ ہمیں اپنی ذات سے ہٹ کر سوچنے اور مقصدِحیات کو پہچاننے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔ آجکل کی تیز رفتار دنیا میں انسان ناچاہتے ہوئے بھی روزمرہ کی زندگی کے دباؤ اور تقاضوں میں اُلجھ جاتا ہے اور پھر اپنے آپ کو خود سے اور اپنے اردگرد کی دنیا سے کھویا ہوا اور منقطع محسوس کرتا ہے۔ روحانیت اور اندرونی سکون بہت سے مختلف طریقوں سے حاصل کیا جا سکتا ہے، بشمول عبادات، مراقبہ، ذہن سازی، اور فطرت سے جڑنا وغیرہ۔ یہ زندگی میں توازن اور تناظر کا احساس حاصل کرنے میں ہماری مدد کر تے ہیں۔ اندرونی امن کے لیے خود کی عکاسی اور خود آگاہی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اپنے خیالات، احساسات اور اعمال کو سمجھنے کے لیے اور اندرونی تنازعات یا حل نہ ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے وقت نکالنا بھی ضروری ہے۔ روحانیت اور باطنی سکون ایک کامیاب اور مکمل زندگی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ یہ ہمیں زندگی کے چیلنجوں سے گزرنے اور انکا معنی و مقصد سمجھنے کی طاقت اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
تحریر: عثمان راجہ
osmanraja1@gmail.com
